سعودی عرب سے جانے والے خواہ وہ عمرہ زائرین ہوں یا عام افراد ہر ایک اپنے ساتھ آب زم زم لازمی طور پر لے جاتا ہے۔
حکومت نے آب زم زم لے جانے والوں کے لیے خصوصی انتظام کیا ہے جس کے لیے ’شاہ فہد زم زم پروجیکٹ‘ قائم کیا گیا جہاں آب زم زم کو مخصوص بوتلوں میں پیک کرکے سپلائی کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین میں آنے والوں کے لیے خصوصی طور پر واٹرکولز میں آب زم زم کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ کے علاقے ’کدی ‘ میں آب زم زم پروجیکٹ ایک وسیع و عریض رقبے پر قائم ہے جہاں 10 لیٹر والی بوتل 5 ریال میں ملتی ہے۔
 |
| تصویر بذریعہ عرب نیوز |
گزشتہ برس مارچ 2020 میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت آب زم زم پروجیکٹ بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے تحت لگائے جانے والے کرفیو کے دوران مکہ مکرمہ میں رہنے والوں کی سہولت کے لیے زم زم پروجیکٹ سے آن لائن آب زم زم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
بعدازاں اسے مملکت کے دیگر شہروں تک پہنچانے کے لیے معروف سپر مارکیٹس کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ اپنے سٹورز میں آب زم زم کی بوتلیں فروخت کریں تاکہ لوگ آسانی سے آب زم زم خرید سکیں۔
سپر مارکیٹ میں پانچ لیٹر والا آب زم زم کا کین 5.50 ریال میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ کورونا کی پابندی سے قبل آب زمزم پروجیکٹ مکہ مکرمہ میں 10 لیٹر آب زم زم 5 ریال میں فروخت ہوا کرتا تھا۔
سول ایوی ایشن کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے آب زم زم پروجیکٹ کی جانب سے سفری تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے پانچ لیٹر آب زم زم کے لیے خصوصی بوتلیں تیار کرائی گئیں جنہیں مخصوص ’گتے‘ کے ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے ۔
بین الاقوامی مسافروں کی سہولت کے لیے جدہ کے انٹرنیشنل ٹرمنلز پرزم زم سپلائی سینٹر قائم کیا گیا جہاں سول ایوی ایشن کی ہدایات کے مطابق مخصوص پیکٹوں میں آب زم زم مسافروں کو فراہم کیا جاتا ہے۔
ایئر پورٹ پر موجود آب زم زم سپلائی سینٹر سے ایک مسافر ایک پیکیٹ خرید سکتا ہے ۔ آب زم زم پیکیٹ خریدتے وقت سپلائی سینٹر میں مسافر کا پاسپورٹ چیک کیا جاتا ہے۔
No comments